بھٹکل :18؍ نومبر(ایس اؤ نیوز) اترکنڑاڈسٹرکٹ ڈیف اسوسی ایشن کے زیر اہتمام 18نومبر 2022بروز جمعہ کی صبح 10 بجے انجمن گراؤنڈ، انجمن آباد میں 8ویں کرناٹکا اسٹیٹ ٹی 20ٹنیس بال کرکٹ ٹورنامنٹ (مرد وخواتین ) کا رکن اسمبلی سنیل نائک نے افتتاح کیا۔
افتتاح کےبعد رکن اسمبلی نےخطاب کرتےہوئےکہاکہ بڑی خوشی و مسرت کی بات ہے کہ بھٹکل میں 8ویں ڈیف کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد ہورہاہے۔ یہ صرف بھٹکل کےلئے نہیں بلکہ پورے اترکنڑا ضلع کےلئے فخر کی بات ہے ۔ اسوسی ایشن کی جانب سے کئے گئے انتظامات کی ستائش کرتےہوئے انہوں نے اپنے مکمل تعاون کا تیقن دیا۔
تین دن چلنے والے اس ٹورنامنٹ میں پوری ریاست سے 16مردوں کی ٹیمیں اور 4خاتون ٹیمیں شریک رہیں گی۔ مردوں اور خواتین کی ٹیموں کےلئے الگ الگ انعامات دئیےجائیں گے۔ 20نومبر شام پانچ بجے تعلقہ میدان میں انعامی تقریب کا انعقاد ہوگا۔ اس موقع پر بھٹکل کی اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی ، آل انڈیا اسپورٹس کونسل آف دی ڈیف نئی دہلی کے ٹیکنکل ڈائرکٹر گنیش راؤ، کرناٹکا اسپورٹس فیڈریشن آف ڈیف بنگلورو کے جنرل سکریٹری جی ایس نوین کمار ، اترکنڑا ڈیف اسوسی ایشن کے صدر ہونیا موگیر، جنرل سکریٹری یوسف موٹیا، اترکنڑا ڈیف اسوسی ایشن کی ایڈوائزر دویاشری وغیرہ موجود تھے۔ اسوسی ایشن کے سرپرست عبدالسلام شاہ بندری نے افتتاحی تقریب کی صدارت کی۔